نئی دہلی، 28؍فروری (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی میں آخری دور میں ووٹ ڈالے جائیں گے اور یہاں بی جے پی اندرونی اختلاف سے پریشان ہے۔خود وزیر اعظم کا پارلیمانی حلقہ ہونے کی وجہ سے بی جے پی کوئی خطرہ مول نہیں لیناچاہتی۔ اسی لیے وزیر اعظم 4اور 5؍مارچ کویہاں دوانتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔وزیراعظم کاشی وشوناتھ کا درشن بھی کریں گے اوربنارس میں ایک رات قیام کریں گے ۔بی جے پی لیڈروں کے مطابق وزیر اعظم4؍مارچ کی شام کو بنارس پہنچیں گے اور براہ راست کاشی وشوناتھ کے درشن کے لیے جائیں گے، اس کے بعدشام کو ان کی ریلی ہو گی ، اگلے دن یعنی 5؍مارچ کو بھی وزیر اعظم بنارس میں ہی ایک دوسرے ریلی کریں گے، جو جنوبی بنارس میں منعقد ہوگی۔ادھر سماجوادی پارٹی اور کانگریس اتحاد کا بھی ایک روڈ شو بنارس میں ہوناہے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے اترپردیش کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادواورکانگریس نائب صدر راہل گاندھی کامشترکہ روڈشودومرتبہ ملتوی ہوچکاہے اورسمجھاجارہاہے کہ اب یہ بھی 4؍مارچ کو ہو سکتا ہے۔اس لحاظ سے 4؍مارچ بنارس کے لیے کافی دلچسپ ہونے جارہاہے جب اترپردیش انتخابات کے تمام اہم کردار شہر میں نظر آئیں گے۔